منگلورو،9؍جنوری ( ایس او نیوز)کیرالہ میں برڈ فلو کی وباءپھیلنے کا جو اندیشہ پیدا ہوا ہے اس کے پیش نظر جنوبی کینرا ضلع انتظامیہ نے کیرالہ سے پولٹری پروڈکٹس لانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندرا کے وی نے بتایا کہ’’پڑوسی ریاست میں ایوین فلو کا معاملہ سامنے آنے کی وجہ سے احتیاطی قدم کے طور پر انڈے اور مرغیوں جیسے پولٹری پروڈکٹ کو بیرونی سرحدوں سے ضلع کے اندر لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔‘‘انہوں نے بتایا کہ ضلع کے اندر پولٹری فارمس میں فلو کا اثرات روکنے کے لئے تمام اقدامات کیے گئے ہیں۔پولٹری فارم کے مالکان اور عوام سےکہا گیا ہے کہ اگر مرغیوں کی اچانک اموات کے معاملے دیکھنے کو ملیں تو فوراً ضلع انتظامیہ کو اس کی اطلاع کردی جائے۔
خیال رہے کہ ضلع جنوبی کینرا کے آرنگاڈی علاقے میں اچانک پراسرار طریقے سے 6سے زائدکوے مرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس سے یہاں پر برڈ فلو پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ بنگلورو میں ان مردہ کووں کی جانچ کے بعد ایویئن انفلوئنزا (برڈ فلو )کے لئے رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔اس لئے عوام کو تشویش اور گھبراہٹ میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔پورے ضلع میں پرندوں کی نگرانی کا انتظام کیا گیا ہے۔
کیرالہ کے آلپّوزا اور کوٹایم ضلع میں بہت سارے بطخوں کی اچانک موت واقع ہونے پر کرناٹکا کےچار اضلاع چامراج نگر ، جنوبی کینرا، کوڈاگو اور میسور و میں بدھ کے دن سے برڈ فلو وباء کےتعلق سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔